صحائف
عقائد اور عہُود ۶۷


فصل ۶۷

نومبر ۱۸۳۱ کے اَوائل میں حائرم، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ خاص اِجلاس کا موقع تھا، اور نبی کے وسِیلے سے خُداوند کی کی طرف سے پہلے سے پائے کیے گئے مُکاشفوں کی اشاعت کے بارے میں غَور اور عمل درآمد کِیا گیا (دیکھیے فصل ۱ کی شہ سُرخی)۔ حال ہی میں وِلیم ڈبلیو فِلپس کلِیسیائی چھاپہ خانہ اِنڈی پینڈس، میزوری میں قائم کر چُکا تھا۔ مجلِس نے مُکاشفوں کو Book of Commandments (اَحکام کی کِتاب) میں شائع کرنے اور ۱۰،۰۰۰ کاپیاں چھاپنے کا فیصلہ کِیا (بعد اَزاں ناگہانی دُشواریوں کے باعث ۳،۰۰۰ کاپیوں تک محدود کر دی گئی تھی)۔ بُہت سے بھائیوں نے ٹھوس گواہی دی کہ وہ مُکاشفے جو اشاعت کے لیے مُرتب کیے گئے ہیں درحقیقت برحق ہیں، جَیسا کہ رُوحُ القُدس نے اُن پر نازِل ہو کر گواہی دی تھی۔ جوزف سمِتھ کی تارِیخ بتاتی ہے کہ فصل ۱ کی رویا پانے کے بعد، مُکاشفوں میں مُستعمِل زبان کے بارے میں کُچھ چہ مگوئیاں کی گئیں۔ یہ مُکاشفہ اُس کے بعد نازِل ہُوا۔

۱–۳، خُداوند اپنے بُزرگوں کی دُعاؤں کو سُنتا ہے اور اُن کی نگہبانی کرتا ہے؛ ۴–۹، وہ سب سے زیادہ دَانا شخص کو اپنے سب سے چھوٹے مُکاشفے کو ہُو بہُو تیار کرنے کے لیے للکارتا ہے؛ ۱۰–۱۴، اِیمان دار بُزرگ رُوح سے جِلا اور خُدا کا دیِدار پائیں گے۔

۱ دیکھو اور سُنو، اَے میری کلِیسیا کے بُزرگو، جِنھوں نے اپنے آپ کو فراہم کِیا ہے، جِن کی دُعائیں مَیں نے سُنی ہیں، اور جِن کے دِلوں کو مَیں جانتا ہُوں، اور جِن کی تمنائیں میرے حُضُور پُہنچی ہیں۔

۲ دیکھو اور نظر کرو، میری نِگاہ تُم پر ہے، اور آسمان اور زمِین میرے ہاتھ میں ہیں، اور اَبدیّت کے خزانے عطا کرنے کے لیے میرے ہیں۔

۳ تُم نے یہ یقین کرنے کا اِرادہ کِیا کہ تُم وہ برکت پاؤ جو تُمھاری نذر کی گئی تھی؛ لیکن، دیکھو، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں تُمھارے دِلوں میں اندیشے تھے، اور درحقیقت یہی وجہ ہے کہ تُم نہ پا سکے۔

۴ اور اب، مَیں، خُداوند، اِن حُکموں کی سچّائی کی گواہی دیتا ہُوں جو تُمھارے سامنے ہیں۔

۵ تُمھاری نظریں میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر پر رہی ہیں، اور تُم نے اُس کی زبان جانی ہے اور تُم نے اُس کی کمزوریاں جانی ہیں، اور تُم نے اپنے دِلوں میں عِلم کی خواہش کی ہے تاکہ اُس کی زبان سے زیادہ بہتر بیان کر سکو؛ یہ تُم بھی جانتے ہو۔

۶ اب، اَحکام کی کِتاب میں سے، حتیٰ کہ اُن میں سے سب سے چھوٹے کو ڈھونڈو، اور اُس کو جو تُم میں سب سے زیادہ دانِش مند ہے مُقرّر کرو؛

۷ یا، اگر تُم میں سے کوئی اِس جَیسا لِکھے گا، پھِر تُم یہ کہنے کے مُجاز ہو کہ تُم نہیں جانتے کہ وہ سچّے ہیں۔

۸ لیکن اگر تُم اِس جَیسا نہیں لِکھ سکتے، تو تُم سزا کے لائق ہو اگر تُم گواہی نہیں دیتے کہ وہ برحق ہیں۔

۹ چُوں کہ تُم جانتے ہو کہ اُن میں کوئی ناراستی نہیں، اور چُناں چہ جو راست ہے وہ عالمِ بالا سے آتا ہے، اَنوار کے باپ کی طرف سے۔

۱۰ اور پھِر، تُم سے سچّ کہتا ہُوں کہ یہ تُمھارا اِمتیاز ہے، اور مَیں تُمھیں وعدہ دیتا ہُوں جو خدمت کے لیے مُقرّر ہُوئے ہو، کہ جتنا زیادہ تُم اپنے بغض اور اندیشے کو نکال پھینکو گے، اور اپنے آپ کو میرے حُضُور فروتن کرو گے، چُناں چہ تُم کافی حد تک فروتن نہیں ہُوئے، اُتنا زیادہ پردہ چاک کِیا جائے گا اور تُم مُجھے دیکھو گے اور جانو گے کہ مَیں ہُوں—نفسانی اور فطری عقل سے نہیں بلکہ رُوحانی سے۔

۱۱ کسی اِنسان نے جِسمانی حالت میں کبھی خُدا کو نہیں دیکھا، سِوا اِس کے کہ خُدا کی رُوح سے جِلایا گیا ہو۔

۱۲ نہ کوئی فطری اِنسان خُدا کی حُضُوری کو برداشت کر سکتا ہے، نہ نفسانی عقل۔

۱۳ تُم ابھی خُدا کی حُضُوری کو برداشت کرنے کے قابل نہیں ہو، نہ فرِشتوں کی خدمت گُزاری؛ پَس، صبر و تحمل سے قائم رہو جب تک کامِل نہ کیے جاؤ۔

۱۴ اپنی سوچوں کو واپس نہ مُڑنے دو؛ اور جب تُم لائق ہو گے، عین میرے اپنے وقت پر، تُم وہ دیکھو اور جانو گے جو میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر کے ہاتھوں سے تُمھیں عطا کِیا گیا۔ آمین۔