صحائف
عقائد اور عہُود ۸۴


فصل ۸۴

۲۲ اور ۲۳ ستمبر ۱۸۳۲، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ ستمبر کے مہینے میں بُزرگوں نے مشرقی ریاستوں میں تبلیغ سے واپس آنا اور اپنی محنتوں کی سرگزشت بتانا شُروع کر دیا تھا۔ نبی نے اِس کو کہانت پر مُکاشفے کا درجہ دیا۔

۱–۵، نیا یرُوشلیم اور ہیکل میزوری میں تعمیر ہوں گے؛ ۶–۱۷، مُوسیٰ سے آدم تک سِلسلہِ کہانت دیا گیا؛ ۱۸–۲۵، اعلیٰ کہانت کے پاس خُدا کے عِلم کی کُنجیاں ہیں؛ ۲۶–۳۲، صغیر کہانت کے پاس فرِشتوں کی خدمت گُزاری اور مُقَدَّم اِنجِیل کی کُنجیاں ہیں؛ ۳۳–۴۴، آدمی کہانت کے حلف اور عہد کے ذریعے سے اَبَدی زِندگی پاتے ہیں؛ ۴۵–۵۳، مسِیح کا رُوح اِنسانوں کو مُنوّر کرتا ہے، اور دُنیا گُناہ میں پڑی ہے؛ ۵۴–۶۱، مُقَدَّسین کو اِن باتوں کی گواہی دینا ہے جو اُنھوں نے پائی ہیں؛ ۶۲–۷۶، اُنھیں اِنجِیل کی مُنادی کرنا ہے، اور مُعجِزے رُونما ہوں گے؛ ۷۷–۹۱، بُزرگوں کو بٹوے اور جھولی کے بغیر جانا ہے، اور خُداوند اُن کی ضرورتوں کا خیال رکھے گا؛ ۹۲–۹۷، آفتیں اور لعنتیں اُن کی راہ دیکھتی ہیں جو اِنجِیل کو رَدّ کرتے ہیں؛ ۹۸–۱۰۲، صِیُّون کی مُخلصی کا نیا گیت دیا گیا ہے؛ ۱۰۳–۱۱۰، ہر آدمی اپنے ہی عہدے پر قائم رہے اور اپنی بُلاہٹ میں محنت کرے؛ ۱۱۱–۱۲۰، خُداوند کے خادِموں کو آخِری ایّام میں اُجاڑنے والی مکرُوہ کی مُنادی کرنا ہے

۱ یِسُوع مسِیح کا مُکاشفہ اُس کے خادِم جوزف سمِتھ، جُونیئر اور چھے بُزرگوں پر، جب اُنھوں نے اپنے دِلوں کو ایک کِیا اور اپنی صدائیں عرش تک بُلند کیں۔

۲ ہاں، خُداوند کا اُس کی کلِیسیا کی بابت کلام، جو آخِری دِنوں میں اُس کے لوگوں کی بحالی کے لیے قائم کی گئی، جَیسا اُس نے اپنے نبیوں کے مُنہ سے فرمایا ہے، اور اُس کے مُقَدَّسین کوہِ صِیُّون پر کھڑے ہونے کے لیے اِکٹھے ہوں، جو نئے یرُوشلیم کا شہر ہو گا۔

۳ جو شہر، ہیکل کی قطعِ زمِین سے شُروع ہو کر تعمیر ہو گا، جو خُداوند کی اُنگلی سے مُقرّر کِیا گیا ہے، میزوری کی ریاست کے مغربی حدود میں، اور جِس کی تَقدِیس جوزف سمِتھ جُونیئر اور دُوسروں کے ہاتھوں ہوئی، جِن سے خُداوند خُوش تھا۔

۴ سچّ یہ خُداوند کا کلام ہے، کہ نئے یرُوشلیم کا شہر اِس جگہ، یعنی ہیکل کی جگہ سے شُروع ہو کر، مُقَدَّسین کے اِکٹھے ہونے سے تعمیر ہو گا، جو ہیکل اِسی نسل میں تعمیر ہو گی۔

۵ پَس درحقیقت یہ ساری نسل اُس وقت تک نہ گُزرے گی جب تک خُداوند کے لیے گھر تعمیر نہ ہو گا، اور ایک بادِل اُس پر ٹھہرے گا، جو بادِل حتیٰ کہ خُداوند کا جلال ہو گا، اور گھر کو بھر دے گا۔

۶ اور مُوسیٰ کے فرزند، مُقَدَّس کہانت کے مُطابق جو اُس نے اپنے سُسر یترو کے زیرِ دست پائی؛

۷ اور یترو نے یہ کالب کے زیرِ دست پائی؛

۸ اور کالب نے یہ اِلیہو کے زیرِ دست پائی؛

۹ اور اِلیہو نے یرمیاہ کے زیرِ دست؛

۱۰ اور یرمیاہ نے جد کے زیرِ دست؛

۱۱ اور جد نے یسعیاہ کے زیرِ دست؛

۱۲ اور یسعیاہ نے خُدا کے زیرِ دست۔

۱۳ یسعیاہ بھی اَبرہام کے دِنوں میں رہتا تھا، اور اُسی سے برکت پائی تھی—

۱۴ اُسی اَبرہام نے ملکِ صدق سے کہانت پائی، جِس نے اِس کو اپنے باپ دادا کے نَسب سے پایا، حتیٰ کہ نوح تک؛

۱۵ اور نوح سے حنُوک تک، اُن کے باپ دادا کے نَسب سے؛

۱۶ اور حنُوک سے ہابل تک، جو اپنے بھائی کی سازِش سے قتل ہُوا، جِس نے خُداوند کے حُکموں سے کہانت پائی، اپنے باپ آدم کے ہاتھ سے، جو پہلا اِنسان تھا—

۱۷ جو کہانت خُدا کی کلِیسیا میں تمام نسلوں میں جاری رہتی ہے، اور دِنوں کے شُروع اور برسوں کے آخِر کے بغیر ہے۔

۱۸ اور خُداوند نے ہارُون اور اُس کی نسل کو بھی کہانت دی، اُن کی تمام نسلوں میں، یہ کہانت بھی جاری رہتی ہے اور ہمیشہ اُس کہانت کے ساتھ رہتی ہے جو خُدا کے مُقَدَّس ترین طریق پر ہے۔

۱۹ اور یہ اعلیٰ کہانت اِنجِیل کی خدمت کرتی ہے اور خُدا کی بادِشاہی کے بھیدوں کی کُنجیاں اِس کے پاس ہیں، حتیٰ کہ خُدا کے عِلم کی کُنجی۔

۲۰ پَس، اِس کی رُسُوم میں، قُدرت الہٰی کا ظُہُور ہے۔

۲۱ اور اِس کی رُسُوم، اور کہانت کے اِختیار کے بغیر قُدرتِ الہٰی اِنسانوں پر وُجُود میں ظاہر نہیں کی جاتی؛

۲۲ پَس اِس کے بغیر کوئی شخص خُدا یعنی باپ کا دِیدار کر کے زِندہ نہیں رہ سکتا۔

۲۳ اب مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو واضح طور پر بیابان میں یہ سِکھایا، اور تُندہی سے اپنے لوگوں کو مُقَدَّس ٹھہرانا چاہا تاکہ وہ خُدا کا دِیدار کر سکیں؛

۲۴ لیکن اُنھوں نے اپنے دِلوں کو سخت کِیا اور اُس کی حُضُوری کو برداشت نہ کر سکے؛ کیوں کہ اُس کا غُصّہ اُن کے خِلاف بھڑکا، پَس، خُداوند نے اپنے قہر میں قسم کھائی کہ جب تک وہ بیابان میں ہیں اُس کے آرام میں داخل نہ ہوں گے، جو آرام اُس کے جلال کی مَعمُوری ہے۔

۲۵ پَس، اُس نے مُوسیٰ کو اُن کے درمیان میں سے لے لیا، اور مُقَدَّس کہانت کو بھی؛

۲۶ اور کہانتِ صغیرہ قائم رہی، جس کے پاس فرِشتوں کی خدمت گُزاری اور مُقَدَّم اِنجِیل کی کُنجیاں ہیں؛

۲۷ وہ اِنجِیل توبہ اور بپتسما، اور گُناہوں کی مُعافی، اور بشری اَحکام کی شَرِیعت کی اِنجِیل ہے، جس کو خُداوند نے اپنے قہر میں بنی اِسرائیل کے درمیان میں ہارُون کے گھرانے میں یُوحنّا تک قائم رہنے دیا، جِسے خُدا نے برپا کِیا، جو اپنی ماں کے بطن سے ہی رُوحُ القُدس سے بھرا تھا۔

۲۸ پَس اُسے بپتسما دیا گیا جب وہ لڑکپن میں ہی تھا، اور اِس اِختیار پر خُدا کے فرِشتے کے وسِیلے سے اُس وقت مُقرّر ہُوا جب وہ آٹھ دِن کا تھا، کہ یہُودیوں کی سلطنت کا تختہ اُلٹے، اور کہ اپنے لوگوں کی نظر کے سامنے خُداوند کی راہ کو سیدھا کرے، کہ اُنھیں خُداوند کی آمد کے لیے تیار کرے، جِس کے ہاتھ میں ساری قُدرت دی گئی ہے۔

۲۹ اور پھِر، بُزرگ اور اُسقُف کے عہدے اعلیٰ کہانت سے وابستہ اَہم ضمیمے ہیں۔

۳۰ اور پھِر، معلم اور ڈیکن کے عہدے صغیرہ کہانت سے وابستہ اَہم ضمیمے ہیں، جو کہانت ہارُون اور اُس کے فرزندوں پر مُستَحکم کی گئی۔

۳۱ پَس، جَیسا مَیں نے مُوسیٰ کے فرزندوں کے بارے میں کہا ہے—چُناں چہ مُوسیٰ کے فرزند اور ہارُون کے فرزند بھی خُداوند کے گھر میں قابلِ قَبُول قُربانی گُذرانیں گے، جو گھر خُداوند کے لیے اِس نسل میں تعمیر کِیا جائے گا، اُس مقام پر جِسے مَیں نے مُقَدَّس ٹھہرایا ہے—

۳۲ اور مُوسیٰ اور ہارُون کے فرزند، خُداوند کے گھر میں، کوہِ صِیُّون پر خُداوند کے جلال سے بھر جائیں گے، جِن کے فرزند تُم ہو؛ اور بہتیرے بھی جِنھیں مَیں نے بُلایا اور کلِیسیا کی تعمیر کے لیے بھیجا ہے۔

۳۳ پَس جو کوئی اِن دونوں کہانتوں کو پانے کے لیے اِیمان دار ہے جِن کا ذِکر مَیں کر چُکا، اور اپنی بُلاہٹ کی بڑائی کرتے ہیں، اپنے جسدوں کی تجدید کے لیے رُوحُ القُدس سے مُقَدَّس ٹھہرائے جاتے ہیں۔

۳۴ وہ مُوسیٰ اور ہارُون کے فرزند اور اَبرہام کی نسل، اور کلِیسیا اور بادِشاہت، اور خُدا کے برگُزیدہ بن جاتے ہیں۔

۳۵ اور وہ سارے بھی جو اِس کہانت کو قَبُول کرتے ہیں، مُجھے قَبُول کرتے ہیں، خُداوند فرماتا ہے؛

۳۶ پَس وہ جو میرے خادِموں کو قَبُول کرتا ہے مُجھے قَبُول کرتا ہے؛

۳۷ اور وہ جو مُجھے قَبُول کرتا ہے میرے باپ کو قَبُول کرتا ہے؛

۳۸ اور وہ جو میرے باپ کو قَبُول کرتا ہے میرے باپ کی بادِشاہی کو قَبُول کرتا ہے، پَس وہ سب کُچھ جو میرے باپ کا ہے اُسے دے دیا جائے گا۔

۳۹ اور یہ اُس وعدے اور عہد کے مُطابق ہے جو میری کہانت کا ہے

۴۰ پَس، وہ سب جو اِس کہانت کو قَبُول کرتے ہیں، میرے باپ سے یہ وعدہ اور عہد بھی پاتے ہیں، جِس کو وہ توڑ نہیں سکتا، اور نہ اِس کو سرکایا جا سکتا ہے۔

۴۱ بلکہ جو کوئی اِس عہد کو قَبُول کرنے کے بعد توڑتا ہے، اور اِس سے مکمل طور پر پھِر جاتا ہے، نہ اِس دُنیا میں گُناہوں کہ مُعافی پائے گا نہ اَگلے جہان میں۔

۴۲ اور اُن سب پر افسوس جو اِس کہانت کا اِنکار کرتے ہیں جو تُم نے پائی ہے، جِس کو آج کے دِن مَیں اب تُم پر جو موجُود ہو، عالمِ بالا سے اپنی آواز کے وسِیلے سے، مُستَحکم کرتا ہُوں؛ اور مزید یہ کہ مَیں نے آسمانی گروہوں اور اپنے فرِشتوں کو تُمھاری بابت حُکم بھی دیا ہے۔

۴۳ اور مَیں اب تُمھیں حُکم دیتا ہُوں کہ اپنے بارے میں خبردار رہو، کہ اَبَدی زِندگی کے کلام پر سختی سے دھیان دو۔

۴۴ پَس تُم ہر اُس بات سے جو خُدا کے مُنہ سے نِکلتی ہے جِیتے رہو گے۔

۴۵ پَس خُداوند کا کلام برحق ہے، اور جو کُچھ بھی برحق ہے نُور ہے، اور جو کُچھ بھی نُور ہے رُوح ہے، یعنی یِسُوع مسِیح کا رُوح۔

۴۶ اور رُوح ہر آدمی کو جو دُنیا میں آتا ہے نُور عطا کرتا ہے؛ اور رُوح پُوری دُنیا میں ہر اُس اِنسان کو مُنوّر کرتا ہے جو رُوح کی آواز سُنتا ہے۔

۴۷ اور ہر کوئی جو رُوح کی آواز سُنتا ہے خُدا، یعنی باپ کے پاس آتا ہے۔

۴۸ اور باپ اُس کو عہد کے بارے میں سِکھاتا ہے جِس کی اُس نے تجدید کی ہے اور تُمھیں استحکام بخشا ہے، جو تُم پر تُمھارے واسطے مُستَحکم کِیا گیا ہے، مزید براَں نہ صرف تُمھارے واسطے، بلکہ پُوری دُنیا کے واسطے۔

۴۹ اور پُوری دُنیا گُناہ میں پڑی ہے، اور تارِیکی اور گُناہ کی اَسیری میں کراہتی ہے۔

۵۰ اور اِس طرح سے تُم جان جاؤ گے کہ وہ گُناہ کی اَسیری میں ہیں، کیوں کہ وہ میرے پاس نہیں آتے۔

۵۱ پَس جو کوئی میرے پاس نہیں آتا گُناہ کی قید میں ہے

۵۲ اور جو کوئی میری آواز قَبُول نہیں کرتا میری آواز سے آشنا نہیں، اور مُجھ سے نہیں۔

۵۳ اور اِس طرح سے تم راست بازوں اور بدکاروں کو جان جاؤ گے، اور کہ ساری دُنیا اب تک گُناہ اور تارِیکی میں کراہتی ہے۔

۵۴ اور تُمھارے اَفہام گُزرے وقتوں سے بےاعتقادی کی وجہ سے سیاہ ہو گئے ہُوئے ہیں، اور کیوں کہ تُم نے اُن باتوں کی بےقدری کی ہے جو تُم نے پائیں ہیں—

۵۵ اور یہ بےبُنیاد گھمنڈ اور بےاعتقادی پُوری کلِیسیا کو ملامت کے ماتحت لے آئی ہے۔

۵۶ اور یہ ملامت فرزندانِ صِیُّون، یعنی سب، پر ٹھہری ہے۔

۵۷ اور وہ اِس ملامت کے تحت رہیں گے جب تک وہ توبہ اور نئے عہد کو یاد نہیں کرتے، یعنی مورمن کی کِتاب، اور پہلے اَحکام جو مَیں نے اُنھیں دیے ہیں، صرف کہنے کے لیے نہیں، بلکہ جَیسا مَیں نے لِکھا ہے اُس کے مُطابق کاربند ہونے کے لیے—

۵۸ تاکہ وہ اپنے باپ کی بادِشاہی کے مُوافِق پھل لائیں؛ ورنہ سزا اور عدالت فرزندانِ صِیُّون پر اُنڈیلنے کے لیے باقی ہے۔

۵۹ پَس کیا بادِشاہی کے فرزند میری مُقَدَّس سر زمِین کو آلُودہ کریں گے؟ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، نہیں۔

۶۰ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، جو ابھی میری باتیں سُنتے ہو، جو کہ میرا کلام ہے، چُوں کہ تُم اِن باتوں کو قَبُول کرتے ہو تُم مُبارک ہو؛

۶۱ پَس مَیں تُمھیں تُمھارے گُناہ اِس حُکم کے ساتھ مُعاف کرُوں گا—کہ تُم ثابت قدمی سے، اپنی سوچ میں، متانت اور عِبادت گُزاری کی رُوح میں، ساری دُنیا کو اُن باتوں کی گواہی دینے میں، جو تُم تک پہنچائی گئی ہیں، قائم رہو۔

۶۲ پَس، ساری دُنیا میں جاؤ، اور جہاں کہیں تُم نہیں جا سکتے تُم اپنی گواہی بھیجو گے، تاکہ گواہی تُم سے پُوری دُنیا میں ہر مَخلُوق تک جا سکے۔

۶۳ اور جَیسا مَیں نے اپنے رسُولوں سے فرمایا، وَیسا ہی مَیں تُم سے فرماتا ہُوں، پَس تُم میرے رسُول ہو، یعنی خُدا کے اعلیٰ کاہن، تُم وہ ہو جِنھیں باپ نے مُجھے دیا ہے؛ تُم میرے دوست ہو؛

۶۴ پَس، جَیسا مَیں نے اپنے رسُولوں سے فرمایا مَیں تُم سے پھِر فرماتا ہُوں، کہ ہر جان جو تُمھاری باتوں پر اِیمان لائے، اور گُناہوں کی مُعافی کے لیے پانی سے بپتسما پائے، رُوحُ القُدس پائے گی۔

۶۵ اور اِیمان لانے والوں کے درمیان میں یہ مُعجِزے ہوں گے—

۶۶ میرے نام سے وہ حیرت خیز کام کریں گے؛

۶۷ میرے نام سے وہ بدرُوحوں کو نکالیں گے؛

۶۸ میرے نام سے وہ بیماروں کو شِفا دیں گے؛

۶۹ میرے نام سے وہ اندھوں کی آنکھیں وا کریں گے، اور بہروں کے کان کھولیں گے؛

۷۰ اور گونگے کی زبان بولے گی؛

۷۱ اور اگر کوئی آدمی اُنھیں زہر دے تو وہ اُنھیں نقصان نہ دے گا؛

۷۲ اور سانپ کا زہر اُنھیں ضرر پہنچانے کی قُوّت نہ رکھے گا۔

۷۳ بلکہ مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ وہ اِن باتوں کے لیے گھمنڈ نہ کریں گے، نہ ہی دُنیا کے سامنے اُن کا ذِکر کریں گے؛ کیوں کہ یہ باتیں تُمھیں تُمھارے فائدے اور نجات کے لیے دی گئی ہیں۔

۷۴ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، جو تُمھاری باتوں پر اِیمان نہیں لاتے، اور میرے نام پر، گُناہوں کی مُعافی کے لیے، بپتسما نہیں پاتے، کہ رُوحُ القُدس پائیں، وہ قُصُوروار ٹھہرائے جائیں گے، اور میرے باپ کی بادِشاہی میں نہ آئیں گے جہاں مَیں اور میرا باپ ہیں۔

۷۵ اور تُم پر یہ مُکاشفہ، اور حُکم، اِسی گھڑی سے ساری دُنیا پر لاگو ہے، اور اِنجِیل اُن سب کے لیے ہے جِنھوں نے اِسے نہیں پایا ہے۔

۷۶ بلکہ، مَیں اُن سب سے سچّ کہتا ہُوں جِنھیں بادِشاہی دی گئی ہے—تم سے اِس کی مُنادی اُن تک پہنچنا ضرور ہے، تاکہ وہ اپنے پچھلے بُرے کاموں سے توبہ کریں؛ چُوں کہ اُن کے بدگُمان دِلوں کی بےاعتقادی کے سبب ملامت کرنا ضروری ہے، اور صِیُّون میں تُمھارے خِلاف تُمھارے بھائیوں کی اُس سرکشی کے لیے، جِس وقت مَیں نے تُمھیں بھیجا تھا۔

۷۷ اور پھِر مَیں تُم سے فرماتا ہُوں، میرے دوستو، پَس اب سے مَیں تُمھیں دوست بُلاؤں گا، یہی واجب ہے کہ مَیں تُمھیں یہ حُکم دُوں، کہ تُم میرے اُن دوستوں کی طرح بن جاؤ جِن دِنوں مَیں اُن کے ساتھ تھا، میرے اِختیار کے ساتھ اِنجِیل کی مُنادی کے لیے سفر کرتے رہو؛

۷۸ پَس مَیں نے اُنھیں نہ بٹوا لے جانے دیا نہ جھولی، نہ ہی دو کُرتے۔

۷۹ دیکھو، مَیں تُمھیں دُنیا میں آزمائے جانے کے لیے بھیجتا ہُوں، اور مزدُور اپنی مزدُوری کا حق دار ہے۔

۸۰ اور جو کوئی آدمی جاتا اور میری بادِشاہی کی اِنجِیل کی مُنادی کرتا ہے، اور سب باتوں پر اِیمان داری سے قائم رہنے میں ناکام نہیں ہوتا، اُس کا ذہن ماندہ نہ ہوگا، نہ ہی تارِیک کِیا جائے گا، نہ بدن، نہ کوئی اعضا، نہ کوئی جوڑ، اور اُس کے سر کا بال زمِین پر نظر انداز ہُوئے بغیر نہ گرے گا۔ اور وہ بُھوکے نہ رہیں گے، نہ ہی پیاسے۔

۸۱ پَس، تُم کل کی فکر نہ کرنا، کہ کیا کھاؤ گے، یا کیا پِیو گے، یا کیا پہنو گے۔

۸۲ پَس، جنگلی سوسن کو غَور سے دیکھو، وہ کیسے بڑھتے ہیں، وہ نہ محنت کرتے، نہ ہی کاتتے ہیں؛ اور دُنیا کی بادِشاہتیں اپنی ساری شان و شوکت کے باوجُود اِن میں سے کسی کی طرح مُلبّس نہیں۔

۸۳ پَس تُمھارا باپ، جو آسمان پر ہے، جانتا ہے کہ تُم اِن سب چِیزوں کے مُحتاج ہو۔

۸۴ پَس کل کا دِن اپنے لِئے آپ فِکر کر لے گا۔

۸۵ نہ ہی پہلے سے فکر کرنا کہ تُم کیا کہو گے؛ مگر متواتر اپنے ذہنوں میں زِندگی کے کلام کو محفُوظ کرتے رہنا، اور تُمھیں اُس گھڑی وہ حِصّہ عطا کِیا جائے گا جو ہر آدمی کے لیے ناپا گیا ہو گا۔

۸۶ چُوں کہ یہ حُکم سب اِیمان داروں کے لیے ہے جو خُدا کی طرف سے اُس کی کلِیسیا میں خدمت کے لیے بُلائے گئے ہیں، پَس، تُم میں سے کوئی بھی آدمی، جو بادِشاہی کی اِس اِنجِیل کی مُنادی کے لیے جاتا ہے، اِس گھڑی سے بٹوہ یا جھولی نہ لے۔

۸۷ دیکھو، مَیں تُمھیں دُنیا کو اُن کے سارے بُرے کاموں کی ملامت کرنے کے لیے بھیجتا ہُوں، اور اُنھیں اُس عدالت کی بابت سِکھاؤ جو آنے کو ہے۔

۸۸ اور جو کوئی تُمھیں قَبُول کرے، مَیں بھی وہاں ہُوں گا، پَس مَیں تُمھارے آگے آگے جاؤں گا۔ مَیں تُمھارے دائیں ہاتھ اور بائیں ہُوں گا، اور میرا رُوح تُمھارے دِلوں میں ہوگا، اور میرے فرِشتے تُمھارے چوگِرد، وہ تُمھیں ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے۔

۸۹ اور جو کوئی تُمھیں قَبُول کرتا ہے مُجھے قَبُول کرتا ہے؛ اور وہی تُمھیں کِھلائے گا، اور پہننے کے لیے کپڑے دے گا، اور تُمھیں پیسے دے گا۔

۹۰ اور وہ جو تُمھیں کِھلاتا، یا پہننے کے لیے کپڑے یا پیسے دیتا ہے، اپنا اَجر ہرگز نہ کھوئے گا۔

۹۱ اور وہ جو یہ چِیزیں نہیں کرتا میرا شاگِرد نہیں ہے، اِسی سے تُم میرے شاگِردوں کو جانو گے۔

۹۲ وہ جو تُمھیں قَبُول نہیں کرتا، اُس سے اپنے تئیں دُور اَکیلے چلے جاؤ، اور اپنے پاؤں پانی سے دھو، صاف پانی سے، چاہے گرمی میں یا سردی میں، اور اِس کی گواہی اپنے باپ کو جو آسمان پر ہے دو، اور اُس آدمی کے ہاں واپس نہ جاؤ۔

۹۳ اور جِس بھی گاؤں اور شہر میں تُم داخل ہو، اَیسا ہی کرنا۔

۹۴ تو بھی، جاں فِشانی سے تلاش کرو اور کوتاہی نہ کرو، اور افسوس اُس گھر پر، یا اُس گاؤں یا شہر پر جو تُمھیں، یا تُمھارے کلام کو، یا میری بابت تُمھاری گواہی کو قَبُول نہیں کرتا۔

۹۵ اَفسوس، مَیں پھِر کہتا ہُوں، اُس گھر پر، یا اُس گاؤں یا شہر پر جو تُمھیں قَبُول نہیں کرتا، یا تُمھارا کلام، یا میری بابت تُمھاری گواہی؛

۹۶ پَس مُجھ، قادرِ مطلق، نے اپنا ہاتھ قَوموں پر ڈالا ہے، کہ اُنھیں اُن کی بدکاری کی سزا دُوں۔

۹۷ اور آفتیں پھیلیں گی، اور زمِین سے تب تک نہ اُٹھائی جائیں گی جب تک مَیں اپنا کام پُورا نہ کر لُوں، جو راستی سے مُختصَر کِیا جائے گا—

۹۸ جب تک تمام، جو باقی ہیں، یہاں تک کہ چھوٹے سے لے کر بڑے تک مُجھے جانیں گے، اور خُداوند کے عِلم سے مَعمُور کیے جائیں گے، اور رُوبرُو دیکھیں گے، اور اپنی آواز بُلند کریں گے، اور آواز مِلا کر نیا گیت گائیں گے، یہ گا کر:

۹۹ خُداوند صِیُّون کو واپس لایا ہےخُداوند نے اپنے لوگوں، اِسرائیل، کو مُخلصی بخشی ہے،فضل سے برگُزیدہ ہُوئے،جِس کی اِیمان سے تکمیل ہوئیاور اُن کے باپ دادا کے عہد سے۔

۱۰۰ خُداوند نے اپنے لوگوں کو مُخلصی بخشی ہے؛اور شیطان باندھا گیا ہے اور اب سے زمانہ نہیں ہے۔خُداوند نے سب چِیزوں کا مجموعہ کر لیا ہے۔خُداوند صِیُّون کو عالمِ بالا سے نیچے لایا ہے۔خُداوند نے صِیُّون کو پستی سے بُلندی پر قائم کِیا ہے۔

۱۰۱ زمِین نے دردِزہ سہا ہے اور اپنی قُدرت سامنے لائی ہے؛اور سچّائی اُس کے رِحم میں پلتی ہے؛اور اَفلاک اُس پر مُسکرائے ہیں؛اور وہ خُدا کے جلال سے مُلبّس ہے؛پَس وہ اپنے لوگوں کے درمیان میں کھڑا ہوتا ہے۔

۱۰۲ جلال، اور عزت، اور قُدرت، اور قُوّت،ہمارے خُدا کی ہو؛ پَس وہ رحم،اِنصاف، فضل اور سچّائی، اور اَمن سے بھرا ہے،ہمیشہ سے ہمیشہ تک، آمین۔

۱۰۳ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، یہ اَہم ہے کہ ہر شخص جو میری اَبَدی اِنجِیل کی مُنادی کرنے جاتا ہے، چُوں کہ اُن کے خاندان ہیں، اور وہ اِنعام کے طور پر پیسے پاتے ہیں، کہ وہ پیسے اُنھیں بھیجیں یا اُن کے بھلائی کے لیے اِستعمال کریں، جَیسا خُداوند اُنھیں ہدایت دے، کیوں کہ یہی مُجھے مُناسب لگتا ہے۔

۱۰۴ اور وہ سب جِن کے خاندان نہیں ہیں، جو پیسے پاتے ہیں، اُسے صِیُّون میں اُسقُف کے پاس بھیجیں، یا اوہائیو میں اُسقُف کے پاس، تاکہ یہ مُکاشفوں کو ظُہُور میں لانے اور اُن کی چھپائی، اور صِیُّون قائم کرنے کے لیے وقف کیے جائیں۔

۱۰۵ اور اگر کوئی آدمی تُم میں سے کسی کو کُرتا، یا پوشاک دے، تو پُرانا غریبوں کو دے دو، اور شادمانی سے اپنی راہ کو جاؤ۔

۱۰۶ اور اگر تُم میں سے کوئی آدمی رُوح میں مضبُوط ہو، وہ اپنے ساتھ اُسے جو کمزور لے جائے تاکہ وہ تمام حلیمی میں مضبُوطی پائے، کہ وہ بھی مضبُوط بن جائے۔

۱۰۷ پَس، اپنے ساتھ اُن کو لے کر جاؤ جو صغیرہ کہانت میں مُقرّر ہیں، اور اُنھیں اپنے آگے بھیجو کہ مُلاقاتوں کا تعین کریں، اور راہ تیار کریں، اور اُن مُلاقاتوں کو پُورا کرنے جائیں جِنھیں تُم خُود پُورا نہیں کر سکتے۔

۱۰۸ دیکھو، یہی وہ طریقہ ہے جِس سے میرے رسُولوں نے قدِیم دِنوں میں میرے لیے میری کلِیسیا کی تعمیر کی۔

۱۰۹ پَس، ہر آدمی اپنے اپنے عہدے میں قائم رہے، اور اپنی اپنی بُلاہٹ میں محنت و مُشقّت کرے، اور سر پیر سے نہ کہے کہ اُسے پیر کی ضرورت نہیں، کیوں کہ پیر کے بغیر جِسم کیسے کھڑا ہو گا؟

۱۱۰ جِسم کو بھی ہر عضو کی ضرورت ہے، تاکہ سب اِکٹھے ترقی کریں، اور نظام کو کامِل رکھا جا سکے۔

۱۱۱ اعلیٰ کاہنوں کو سفر کرنا چاہیے، اور بُزرگوں کو بھی، اور صغیر کاہنوں کو بھی، لیکن ڈیکن اور مُعلموں کو کلِیسیا کی دیکھ بھال کے لیے مُقرّر کرنا چاہیے، تاکہ وہ کلِیسیا کے لیے مقامی خدمت گُزار ہوں۔

۱۱۲ اور اُسقُف نیول کے وِٹنی، اِرد گِرد کی تمام کلِیسیاؤں میں سفر کرے، غریبوں کو ڈُھونڈے، اور اُن کی ضروریات کو امیروں اور مغروروں کو حلیم بنا کر پُورا کرے۔

۱۱۳ اُسے ایک نمایندہ بھی معاوضے پر لینا چاہیے کہ وہ ذِمّہ داری لے اور اُس کی ہدایت کے مُطابق اُس کے دُنیاوی مُعاملات انجام دے۔

۱۱۴ تو بھی، اُسقُف نیو یارک کے شہر جائے، اور البنی کے شہر بھی، اور بوسٹن کے شہر بھی، اور اِنجِیل کی آواز سے اُن شہروں کے لوگوں کو خبردار کرے، اُونچی آواز سے، اُس وِیرانی اور مُکمل موقوفی کی جو اُن کے اِنتظار میں ہے اگر وہ اِن باتوں کو قَبُول نہیں کرتے۔

۱۱۵ پَس اگر وہ اِن باتوں کو رَدّ کرتے ہیں تو اُن کی عدالت کی گھڑی قریب ہے، اور اُن کا گھر اُن کے لیے وِیران چھوڑا جائے گا۔

۱۱۶ وہ مُجھ پر بھروسا کرے، تو وہ شرمِندہ نہ ہو گا؛ اور اُس کے سر کا ایک بال بھی خُداوند کے جانے بغیر نہ گِرے گا۔

۱۱۷ اور مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرے باقی خادِمو، جَیسے جَیسے تُمھارے حالات تُمھیں اِجازت دیں، تُم اپنی اپنی مُختلف بُلاہٹوں کے لیے بڑے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں جاؤ، راستی سے اُن کی ناراستی اور بُرے کاموں کی سرزنش کرو، آخِری دِنوں میں وِیرانی کی کراہت کو صاف صاف اور قابلِ فہم طریقے سے بتاؤ۔

۱۱۸ پَس، خُداوند قادرِ مُطلق فرماتا ہے، تُمھاری بِنا پر مَیں اُن کی سلطنتیں ٹُکڑے ٹُکڑے کر ڈالُوں گا؛ مَیں نہ صرف زمِین کو ہِلاؤں گا، بلکہ سِتاروں بھرا آسمان کانپے گا۔

۱۱۹ پَس مُجھ، خُداوند نے اپنا ہاتھ بڑھایا ہے کہ آسمان کی قُوّتیں ظاہر کرُوں، تُم ابھی دیکھ نہیں سکتے، کُچھ اور دیر تک تُم اِسے دیکھو گے، اور جانو گے کہ مَیں ہُوں، اور کہ مَیں آؤں گا اور اپنے لوگوں کے ساتھ حکومت کرُوں گا۔

۱۲۰ مَیں الفا اور اومیگا، اِبتدا اور اِنتہا ہُوں۔ آمین۔